بنگلور: 2/اگست (ایس او نیوز) کرناٹک کانگریس کے صدر ڈاکٹر پرمیشور نے وزیر توانائی کے مکان پر آئی ٹی کے چھاپوں کو غیرجمہوری قرار دیا۔انہو ں نے بنگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی کا سیاسی بدلہ ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ انہیں یہ نہیں معلوم کہ کس کی ایماء پر یہ چھاپے کئے گئے، تاہم انہوں نے کہا کہ جن اوقات میں یہ چھاپے کئے گئے اس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ بی جے پی ریاست گجرات میں 8اگست کو ہونے والے راجیہ سبھا کے انتخابات سے پہلے ان کو لالچ دینے سے بچانے کیلئے بنگلورو لانے کے قدم پر بے چین ہے ۔انہو ں نے کہا کہ یہ ارکان اسمبلی اپنے طور پر یہاں آئے ہیں اور یہاں کے پارٹی رفقاء ان کا خیال رکھ رہے ہیں۔ دوسری طرف کانگریس کے سینئر لیڈر دنیش گنڈو راو نے الزام لگایا کہ یہ چھاپے وزیراعظم نریندر مودی کے آمرانہ رویہ کو ظاہر کرتے ہیں ۔انہو ں نے ان چھاپوں کو غیر دستوری قراردیا۔ کرناٹک کے وزیر آبی وسائل ایم بی پاٹل نے ان چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی انہیں بھی نشانہ بناسکتی ہے ۔ اسی دوران آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے کرناٹک کے شعبہ نے واضح کردیا کہ ان چھاپوں کا مقصد گجرات کے ارکان اسمبلی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گجرات کے ارکان اسمبلی کے کمروں کی تلاشی نہیں لی گئی۔